حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 17 ستمبر کو امام حسین کا چہلم ہے۔ اس موقع پر ہر سال دنیا بھر سے امام حسین (ع) کے عشاق اور پیروکار کربلا پہنچتے ہیں اور ان کی ایک بڑی تعداد نجف سے کربلا تک 80 کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرتی ہے جسے اربعین ملین مارچ کا نام دیا جاتا ہے۔ جبکہ عراقی زائرین اپنے شہروں اور دیہاتوں سے پیدل کربلا پہنچتے ہیں۔
موصولہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 40 سے 5 ملین زائرین عراق پہنچ چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد ایرانی شہریوں کی ہے۔
ایران کی پولیس کے کمانڈر انچیف بریگیڈیئر جنرل حسین اشتری نے ایران کے جنوب مشرقی سرحدی پاس میرجاوا میں زائرین کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور پاکستانی زائرین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا: اس طرح کی سرگرمیاں مذہبی اور روحانی پہلو کو اجاگر کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عراق سے ملحقہ سرحدوں پر زائرین کی حفاظت کے لیے 30 ہزار سیکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے اور اب تک 8 لاکھ غیر ملکی زائرین ایرانی سرحدوں سے عراق میں داخل ہوچکے ہیں جب کہ آنے والے دنوں میں اس تعداد میں کئی گنا اضافہ متوقع ہے۔